سمستی پور ، 7 ؍نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار کے سمستی پور ضلع میں رام بھدرپور ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے لائن پار کرتے وقت دہلی-جے نگر سوتنترتا سینانی ایکسپریس ٹرین کی زد میں آنے سے چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔یہ لوگ چھٹھ پوجا کے بعد ریلوے لائن پار کر رہے تھے اور صبح کی دھند کی وجہ سے آ رہی ٹرین کو نہیں دیکھ سکے ۔سمستی پور ڈویژن کے سینئر ڈی سی ایم بیریندر کمارنے بتایاکہ سمستی پور شہر سے تقریبا 35کلومیٹر دور رام بھدرپور ریلوے اسٹیشن کے قریب یہ حادثہ ہوا۔انہوں نے بتایاکہ تین افرادکی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص نے اسپتا ل میں دم توڑدیا ۔زخمیوں کو دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال(ڈی ایم سی ایچ )میں داخل کرایا گیا ہے۔لاشوں کو لے کر مظاہرین احتجاج کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سمستی پور اور دربھنگہ ریل سیکشن کے درمیان ٹرین سروس متاثر ہوئی ہے۔